Official Web

عوام تک ثمرات پہنچیں تو جمہوریت خطرے میں نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچتے رہیں تو جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، فوج کا اس میں کوئی کردار نہیں۔

ترجمان پاک فوج نے بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی میں کردار پر وزراء کے بیانات کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جو بھی تبدیلیاں ہوئیں سیاسی عمل کے ذریعے ہوئیں، آرمی چیف نے ہمیشہ کہا کہ وہ آئین پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئینی حدود میں انتخابات سے متعلق جو بھی احکامات ملیں گے ان پر عمل کریں گے ۔

’کوئی مس ایڈونچر ہوگا تو اس کا جواب دیا جارہا ہے اور دیا جاتا رہے گا‘

ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی کارروائی کا ایک مقصد مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانا بھی ہے، کوئی مس ایڈونچر ہوگا تو اس کا جواب دیا جارہا ہے اور دیا جاتا رہے گا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت نے کئی بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں، جارحیت کا مقصد دہشتگردی کیخلاف جنگ سےہماری توجہ ہٹانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک آزادی بھارت کے بس سے باہر ہورہی ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں، یہ کہنا غلط ہے کہ حقانی نیٹ ورک یا دیگر افغانستان جاکر حملے کررہے ہیں۔