Official Web

راؤ انوار نے تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا

کراچی اینکاؤنٹر سپیشلسٹ پیشیاں ٹالنے کا بھی ماہر نکلا، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار بلاوے کے باوجود ڈی آئی جی ایسٹ کے دفتر نہ پہنچے، آج پھر طلب کرلیا گیا۔ ادھر رائو انوار اور ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کا فیصلہ کر لیا گیا۔ انکاؤنٹر ٹیم کے تمام ممبرز روپوش ہوگئے۔

راؤ انوار اپنے ہی محکمے کے خلاف ڈٹ گئے اور روپوشی اختیار کرلی۔ جعلی مقابلے کی تفتیشی ٹیم نے رابطے کی بہت کوشش کی لیکن راؤ انوار ہاتھ نہ آئے۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے بلاوا بھیجا مگر راؤ انوار نے جواب دینے کی بھی زحمت نہ کی۔ دوسری طرف تحقیقاتی کمیٹی نے جعلی مقابلے کے شواہد ملنے پر راؤ انوار اور مقابلے میں ملوث تمام پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈسٹرکٹ ملیر میں تعینات راؤ انوار کے سولہ اہم دست راست عہدوں سے ہٹا دیئے گئے۔ ایس پی ڈاکٹرنجیب، ایس پی افتخار لودھی اور ایس پی سیف اللہ سمیت دو ڈی ایس پیز اور دس ایس ایچ اوز ہٹائے جانے والوں میں شامل ہیں۔ یہی نہیں ورثاء کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے رائو انوار اور تمام اہلکاروں کو نامزد کرنے اور تفتیش ایس پی انویسٹی گیشن عابد قائم خانی کے سپرد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ادھر نقیب اللہ محسود کے ورثاء کراچی پہنچ گئے ہیں۔