Official Web

ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم نے پاکستان کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے دی

کراچی: ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کپتان ہیلی میتھیوز کی شان دار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو  سیریز کے پانچویں اور آخری  ٹی ٹوئنٹی میچ میں باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-4 سے جیت لی۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے 5 میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری  میچ میں مہمان ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ویمن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے سدرہ امین سب سے زیادہ کامیاب بیٹر رہیں، جنہوں نے 52 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے منیبہ علی نے 19 گیندوں پر 25 رنز اور عائشہ ظفر 22 رنز بنا کر نمایاں رہیں، نتالیہ پرویز 5،گل فیروزہ، کپتان ندا ڈار اورناجیہ علوی2، 2 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں۔

فاطمہ ثنا گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئیں، رامین شمیم 16 اور نشرح سندھو ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایفے فلیچر نے 17 رنز دے کر سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، کیانہ جوزف نے 26 رنز دے کر2، عالیہ ایلاین اور ہیلی میتھوز نے ایک،ایک وکٹ لی۔

مہمان ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے کامیابی کے لیے ملنے والا 135 رنز کا ہدف2 وکٹیں  گنوا کر 18.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔

کپتان ہیلی میتھیوز نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر11 چوکوں کی مدد سے 78رنز بنائے، شمائن کیمبل نےآوٹ ہوئے بغیر35 گیندوں پر33رنز بنائے اور رشادہ ولیمز 11 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں تاہم زیدہ جیمز 7 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔

پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ سعدیہ اقبال کو ملی۔

ویسٹ انڈیز کی کپتان اور آل راؤنڈر ہیلی میتھوز میچ کے ساتھ ساتھ سیریز کی بھی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔