Official Web

اننت امبانی کی شادی سے قبل ہونیوالی تقریبات کے دوران بھارتی فضائیہ کو ایئر ٹریفک کیوں سنبھالنا پڑی؟

نئی دہلی : ایشیا اور انڈیا کے سب سے امیر انسان مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی حال ہی میں شادی سے قبل کی تقریبات پوری دنیا میں سرخیوں کی زینت بنیں، تقریبات کے دوران غیرمعمولی فضائی ٹریفک دیکھی گئی جسے انڈین ایئر فورس نے سنبھالا۔
اس معاملے سے واقف ذرائع کے مطابق 5 دنوں میں 600 سے زائد فلائٹس کی آمدورفت ہوئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ یہ تمام آمدورفت بغیر کسی حادثے کے ہو۔ریلائنس گروپ نے انڈیا کے سیکریٹری دفاع کو خط لکھ کر 23 فروری سے چار مارچ تک ہوائی اڈے کے ہفتے کے 7 دن 24 گھنٹے تک آپریشنز کے لیے انڈین ایئرفورس سے مدد مانگی۔اس پر سیکریٹری دفاع نے چیف آف ایئر سٹاف سے درخواست کی جس کے بعد جام نگر ایئربیس 24 گھنٹے کے آپریشن موڈ میں چلا گیا۔ ابتدائی طور پر انہیں 30 سے 40 طیاروں کا بتایا گیا تھا لیکن درحقیقت یہ 5دنوں میں 600 سے زائد فلائٹس کی آمدورفت تھی۔