Official Web

پاک چین دوستی لازوال، دکھ کی گھڑی میں چینی عوام کیساتھ ہیں، وزیر اطلاعات

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی لازوال ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان چینی عوام کے ساتھ ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے میں 5 چینی اور ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے کے واقعے کے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے جب کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ رہا ہے۔ سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین لازوال دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔ گزشتہ روز بشام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں چینی عوام کے ساتھ ہیں۔ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے۔ ہر مشکل وقت اور عالمی فورمز پر چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت ہماری جی ڈی پی میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ سی پیک کے باعث ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد وزیراعظم نے تمام مصروفیات ترک کر کے چینی سفارت خانہ کا دورہ کیا اور افسوسناک واقعے پر چینی سفیر سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے واقعے کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کی تحقیقات کے حوالے سے یقین دہانی بھی کرائی۔ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہم پوری طرح پرعزم ہے۔