Official Web

ایک دو سال مشکل سہی، آسودگی کا وقت ضرور آئے گا: نواز شریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہےکہ ایک دو سال مشکل سہی، آسودگی کا وقت ضرور آئے گا۔

فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے (ن) لیگ کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی۔

اس دوران گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سب مل کے  پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے، ہماری حکومت کو نہ ہٹایا جاتا توپاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا، قبضہ کرنے والوں نے ملک کے ساتھ جوکیا، سب نے دیکھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ہی نہیں پاکستان کے ساتھ بھی زیادتی ہوئی، (ن) لیگ کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے، ایک دو سال مشکل سہی، آسودگی کا وقت ضرور آئے گا، سیاستدان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو مل کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی وزیراعلیٰ آپ کے ساتھ ہے، مل کر صوبے اور ملک کیلئے کام کریں۔

اس موقع پر نواز شریف نے ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا جب کہ مریم نواز نے کہا کہ ڈورپھرنے والا واقعہ تکلیف دہ ہے، یہ واقعہ نظرانداز نہیں کرسکتے۔