Official Web

ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز پر پاک چین تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: چین کے نئے تعینات ہونے والے اکنامک کونسلر مسٹر یانگ گوانگ یوان نے نگران وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ملاقات کی۔

کونسلر گوانگ یوان نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے مثبت اقدامات کو سراہا۔

اس موقع پر ڈاکٹر اعجاز نے کہا کہ ان کے حالیہ دورہ چین کا بنیادی مقصد پاکستانی برآمدات کیلیے نئی منڈیوں کی تلاش کرنا تھا، 5 سالہ وژن میں پاکستان کی چین کو برآمدات کیلیے 25 ارب ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا۔
کونسلر گوانگ یوان نے دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے وزیر کے جذبات کا خیرمقدم کیا اور چین کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا، دونوں ممالک کے درمیان ’’آئرن برادرز‘‘ کے طور پر گہری دوستی پر زور دیا۔

انھوں نے چین کے تجارتی حجم کو موجودہ 27 ٹریلین ڈالر سے بڑھا کر آنے والے سالوں میں 32 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف سے آگاہ کرتے ہوئے اس تجارتی توسیع میں پاکستان کو شامل کرنے پر چین کی رضامندی کی تصدیق کی، ملاقات میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز پر دونوں ممالک کے ممکنہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔