ممبئی: بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنٹ عامر خان اپنی نئی فلم پر کام کررہے ہیں اور اس پروجیکٹ میں ان کو نامور ڈائریکٹر آر ایس پراسنا کے ساتھ کام کا موقع مل رہا ہے۔
بھارتی میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار کی نئی فلم ان کی 2007 میں ہٹ ہونے والی فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئیل ہوسکتا ہے۔
عامر خان کا نیا پروجیکٹ ایک ہسپانوی فلم ’چیمپئنز‘ کا ری میک ہے اور اس کا ہندی نام ’ستارے زمین پر‘ رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فلم کی کہانی ایک اسپورٹس کوچ اور اس کے ابنارمل بچے کی ٹریننگ کے گرد گھومتی ہے اسی لئے اس کا نام ’ستارے زمین پر‘ رکھا گیا ہے۔
عامر خان اپنی آخری فلم ’لال سنگھ چڈا‘ میں نظر آئے تھے جسے اگست 2022 میں ریلیز کیا گیا اور اس میں کرینہ کپور اور مونا سنگھ نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ اداکار نے ’غدر‘ اسٹار سنی دیول کے ساتھ مل کر فلم ’لاہور 1947‘ بنانے کا اعلان بھی کیا ہے اور اسے نامور ڈائریکٹر راج کمار سنتوشی بنائیں گے۔