Official Web

بنگلادیش میں ڈینگی وائرس بےقابو، رواں سال ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز

بنگلادیش میں ڈینگی وائرس بے قابو  ہوگیا ہے جہاں رواں سال مچھر سے  پھیلنے والی بیماری کے باعث  ہزار  سے  زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بنگلا دیشی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق  رواں سال مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے زائدہوگئی ہے جب کہ اب تک ایک ہزار 6 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق رواں سال ڈینگی سے ہونے والی اموات گزشتہ سالوں کے مقابلے میں کئی زیادہ ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ ملک میں وائرس کی موجودہ صورت کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے لیے تیاری نہیں تھی جس وجہ سے وائرس انتہائی خطرناک ہوچکا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق بنگلادیش میں غیر معمولی مون سون سیزن، طویل عرصے تک کھڑا برساتی پانی اور گندگی کو مچھروں کی بہتات کی وجہ قرار دیا جارہا ہے جب کہ حکام ملک میں بڑھتےکیسز  اور  اسپتالوں میں جگہ کی کمی کی وجہ سے شدید  پریشان ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈینگی وائرس کو مون سون میں سیزنل بیماری کے طورپر جانا جاتا ہے لیکن ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے سن 2000 کے بعد سے ڈینگی بخار میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور یہ وائرس بنگلادیش میں انتہائی خطرناک صورت اختیار کرچکا ہے۔