Official Web

ایشیا کپ سپر فور مرحلہ: بابر اعظم نے سری لنکا سے شکست کی وجہ بتا دی

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا ملبہ بولنگ اور فیلڈنگ پر ڈال دیا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں سری لنکا کو جیت کے لیے 42 اوورز میں 252 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستانی بولرز ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور سری لنکا نے مطلوبہ ٹارگٹ 42 ویں اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

سری لنکا کی جانب سے کشال مینڈس نے 91 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ چاریتھ اسالانکا نے 49 اور سدیرا سمارا وکرما نے 48 رنز بنائے۔ سری لنکا سے شکست کے بعد گرین شرٹس ایشیا کپ سے بھی باہر ہو گئے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا سری لنکا نے بہتر کرکٹ کھیلی، ہماری بولنگ اور فیلڈنگ اچھی نہیں رہی۔

کپتان بابرا عظم نےکہا مڈل اوورز میں ہمارے بولرز اچھی گیندیں نہیں کرا سکے، آغاز اچھا کیا اور اختتام بھی مگر کھیل کے درمیانی اوورز میں ہم اچھا پرفارم نہ کر سکے۔

دوسری جانب سری لنکن داسُن شناکا کا کہنا تھا کہ کھیل ہمارے کنٹرول میں تھا لیکن ہمیں اسے آخر وقت تک قابو میں رکھنا چاہیے تھا۔

داشن شناکا کا کہنا تھا پاکستان کو میچ میں دوبارہ واپس آنے کا موقع دیا لیکن اسالنکا نے اپنے حواس پر قابو رکھتے ہوئے ٹیم کو میچ جتوا دیا۔