Official Web

محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، یوم آزادی کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی

لاہور:  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں یوم آزادی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوم آزادی شایان شان اور قومی جذبے سے منایا جائے گا، شاندار تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، 13 اگست کی رات 12 بجے آتش بازی کی جائے گی، 14 اگست کی صبح بیک وقت پورے پنجاب کے تمام ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 14 اگست کی شام عوام کے لئے خصوصی تقریبات میں ملی نغمے اور ترانے پیش کئے جائیں گے، نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، صوبہ بھر میں تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا، تمام شہروں کے نمایاں مقامات پر قومی پرچم آویزاں کئے جائیں گے، قذافی سٹیڈیم لاہور میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، مینار پاکستان اور دیگر مقامات پر آتش بازی کی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ یوم آزادی پر حضوری باغ میں صبح 8 بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوگی، ملتان گھنٹہ گھر میں پرچم کشائی، قلعہ میں آتش بازی اور میوزیکل نائٹ ہو گی، ملتان میٹرو کے روٹ پر چراغاں کیا جائے گا، یوم آزادی کے موقع پر شجر کاری بھی کی جائے گی، لاہور اور فیصل آباد کی نہروں میں جشن آزادی کی مناسبت سے چراغاں کیا جائے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے پناہ قربانیوں کا ثمرہے، آزادی کے لئے مسلمانوں نے آگ وخون کے دریا عبور کئے، آزاد قومیں آزادی کا دن قومی جوش و خروش اور ولولے سے مناتی ہیں، پنجاب بھر میں یوم آزادی کو یادگار اور منفرد طریقے سے منا یا جا رہا ہے۔

صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، منصور قادر،صوبائی مشیر وہاب ریاض، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے جبکہ دیگر تمام کے کمشنرز نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔