Official Web

کینیڈا میں چرچ جانے والے مسافروں کا طیارہ گر کر تباہ، 6 ہلاک

اٹاوہ: کینیڈا کے صوبے البرٹا میں ایک انجن والے چھوٹے طیارے میں ایک خاندان دوسرے شہر میں واقع چرچ میں ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہا تھا کہ طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اڑان بھرنے کے محض آدھے گھنٹے بعد ہی طیارے کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا تھا۔ طیارے میں ایک پائلٹ اور 5 مسافر سوار تھے۔

طیارے سے رابطہ جس مقام پر منقطع ہوا تھا وہ ایک پہاڑی علاقہ تھا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران طیارے کا ملبہ ایک پہاڑی سے مل گیا۔ طیارہ مکمل طور پر جل چکا تھا اور ملبے سے 6 لاشیں برآمد ہوئیں۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام مسافر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ خاندان ایک چرچ میں ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے طیارے میں روانہ ہوئے تھے۔

حادثے کی وجہ کا تعین تاحال نہیں ہوسکا ہے تاہم حادثے کے مقام پر موسم ابر آلود تھا جو حادثے کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔ ایوی ایشن نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔

تاحال پائلٹ اور مسافروں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔