Official Web

ایشز چوتھا ٹیسٹ : انگلش ٹیم کو کینگروز پر 67 رنز کی برتری

مانچسٹر :  ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 317 رنز پر آؤٹ ہوگئی جبکہ انگلینڈ نے پہلی اننگ میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 384 رنز بنا کر 67 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

مانچسٹر میں جاری ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے 299 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگ کا دوبارہ آغاز کیا تو مچل سٹارک 23 اور پیٹ کمنز 1 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دن کے آغاز پر کمنز انفرادی رنز میں بغیر کوئی اضافہ کئے پویلین لوٹ گئے جبکہ آخری بیٹر جوش ہیزلووڈ بھی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

مچل سٹارک 36 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور اس طرح آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 317 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 5 وکٹیں حاصل کیں، سٹورٹ براڈ نے 2 جبکہ مارک ووڈ اور معین علی نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 384 رنز بنا کر آسٹریلیا پر 67 رنز کی برتری حاصل کرلی ، اوپنر زیک کرولی نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 189 رنز کی بہترین اننگ کھیلی، جو روٹ 84 اور معین علی 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور کیمرون گرین نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو ایشز سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے ۔