Official Web

یوکرین میں موجود یورپ کے سب سے بڑے ایٹمی بجلی گھر کی صورتحال انتہائی نازک قرار

ویانا: (ویب ڈیسک ) جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ نے کہا ہے کہ یوکرین میں واقع یورپ کے سب سے بڑے ایٹمی بجلی گھر کی صورتحال انتہائی نازک اور خطرناک ہو چکی ہے اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جانا چاہیے۔

روسی اخبار کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زاپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے آس پاس روسی اور یوکرینی افواج کی سرگرمیاں مستقبل قریب میں بہت زیادہ بڑھ سکتی ہیں ۔

ان کاکہناتھا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ابھی تک کوئی جوہری حادثہ نہیں ہوا لیکن موجودہ صورتحال جاری رہی توکسی دن ہماری خوش قسمتی ختم ہو جائے گی لہٰذا ہم سب کو اپنی طاقت کے مطابق ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے تاکہ اس اندیشے کو کم سے کم کیا جا سکے۔

رافیل گروسی نے اس بات پر زور دیا کہ زاپوریزیا جوہر ی بجلی گھر کی طرف سے یا اس کے خلاف کسی بھی قسم کا حملہ نہیں ہونا چاہئے،خاص طور پر ری ایکٹرز، ایندھن کے خرچ شدہ ذخیرہ اور اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنایا جا نا چاہیئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جوہری بجلی گھر کو ٹینکوں اور آرٹلری سسٹمز جیسے بھاری ہتھیاروں کے ذخیرہ یا اڈے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اس جگہ کو فوجیوں سے پاک ہونا چاہیے جو پلانٹ سے حملے کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں روس کے ایلچی ویزیلی نیبنزیا نے کہا کہ ان کا ملک پلانٹ کی جوہری اور فزیکل حفاظت کو بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا، انہوں نے خبردار کیا کہ زاپوریزیا اور قریبی شہرانر گودارپر ہونے والے حملوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے یوکرینی حکومت کے ان دعوؤں کہ روس اس پلانٹ کو اپنے فوجیوں کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے ، مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ زاپوریزیا کے علاقے سے کبھی کوئی حملہ نہیں ہوا اور بھاری ہتھیاروں اور گولہ بارود کو پلانٹ میں کبھی بھی ذخیرہ نہیں کیا گیا ۔

واضح رہے کہ روس نے گزشتہ سال اس جوہری بجلی گھر کا کنٹرول سنبھال لیا تھا، اس خطے نے ستمبر میں اس معاملے پر ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد روس کے ساتھ الحاق کے حق میں ووٹ دیا تھا ۔