Official Web

وفاقی وزیر داخلہ کا بیان عدلیہ کے فیصلے کی سرعام حکم عدولی ہے: شیح رشید

راولپنڈی:  سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کا بیان 14 مئی کو انتخابات نہیں ہوں گے، عدلیہ کے فیصلے کی سرعام حکم عدولی ہے، چوردروازے سے آنے والی پی ڈی ایم کی حکومت الیکشن سے گھبرا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ سٹیٹ بینک پیسے جاری کرتا ہے یا نہیں کرتا آج پتہ لگ جائے گا، اگر سٹیٹ بینک الیکشن کمیشن کو پیسے نہ بھیج کر حکم عدولی کرتا ہے تو ابتدا سٹیٹ بینک سے ہی کی جائے۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ نیب کے کیسز سپریم کورٹ میں فیصلہ طلب ہیں، انشاء اللہ سپریم کورٹ نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے گی، عدلیہ کو دھمکیاں دی جا رہی اور ان کے خلاف غیر اخلاقی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر قومی اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو صوبائی الیکشن اپنے وقت پر ہی ہو کر رہیں گے، سراج الحق کے مذاکرات حقیقت پر مبنی ہوں تو اچھی بات ہے، اب تو زلمے خلیل زاد نے بھی مسٹر 10 فیصد پر مہر لگا دی ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ یہ جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے یا عوام کی عدالتوں میں ہوں گے، اس کا بھی پتہ لگ جائے گا، نگران حکومت کے 90 روز پورے ہوگئے ہیں، تو یہ کس شوق کس اختیار کے تحت بیٹھے ہوئے ہیں۔