Official Web

چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دیں

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے الیکشن کی تاریخوں کے اعلان کے معاملے پر الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے متعلق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو خط لکھا گیا ہے۔

خط میں چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 ون اور 58 میں ترامیم تجویز کی ہیں اور کہا گیا ہے کہ ترامیم پارلیمنٹ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کی جائیں۔

سکندر سلطان راجا نے 57 ون میں ترمیم تجویز کی ہے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کرےگا، ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن حلقوں سے نمائندے منتخب کرنے کا کہے گا، تجویز کیا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات نوٹیفیکشن کے بعد الیکشن پروگرام میں تبدیلی کر سکے گا، مجوزہ ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن نئی پولنگ تاریخ کے ساتھ نیا الیکشن پروگرام بھی جاری کر سکے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد پر تنازع پیدا ہوا، عدلیہ نے آرٹیکل224/2 کی تشریح میں کہا کہ 90 دنوں میں الیکشن آئینی طور پر ضروری ہے۔