Official Web

قومی اسمبلی میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی قرارداد منظور

اسلام آباد:  قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی، قرارداد میں 10 اپریل کو یوم دستور منانے کا اعلان کیا گیا ہے جو ہر سال ملک بھر میں منایا جائے گا۔

وزیر اعظم شہبازشریف  نے ایوان میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی پر خصوصی قرارداد پیش کی، جس کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ، قراداد میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق حاکمیت صرف اللہ تعالی کی ذات ہے، یہ اختیار عوامی نمائندوں کے ذریعے استعمال کیاجائےگا، آئین پاکستان میں تمام اداروں کے فرائض واضح طور پرموجود ہیں۔

قرارداد میں 10 اپریل کو یوم دستور منانے کا اعلان کیا گیا ہے، یوم دستور ہر سال ملک بھر میں منایا جائے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے اظہار خیال  کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کیلئے بہت اہم ہے ، 50 سال کے دوران 1973 کے آئین میں مختلف اوقات میں متعدد ترامیم کی گئیں، بسا اوقات آئین پاکستان کو ازسرنوتحریر کیا گیا، ایک چیف جسٹس نے ایک ڈکٹیٹر کو 3سال کی رعایت دی مگر یہ آئین آج بھی زندہ و سلامت ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ چاروں صوبوں میں مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں، 1973 کے آئین نے پاکستان کو ایک لڑی میں پرو رکھا ہے، 1973 کے متفقہ آئین دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ کارنامہ تاریخ کے سنہرے حرف میں لکھا جائے گا۔

وزیراعظم کا مزید  کہنا تھا کہ ہمیں  کہا گیا تھا کہ  اتحادی حکومت ایک ماہ نہیں چل سکے گی، لیکن آج اتحادی حکومت کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے، ہم پاکستان کو بچانے کے لئے اکٹھے ہوئے تھے، اب تمام اتحادی جماعتیں اپنے اپنے منشور پر الیکشن میں جائیں گی۔

انہوں  نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی توحالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا، مشکلات اور چیلنجز اس میں کوئی شک نہیں۔