Official Web

ٹی 20 ٹیمز آف دی ایئر میں پاکستانی اسٹارز جگمگا اٹھے

کراچی: آئی سی سی ٹی 20 ٹیمز آف دی ایئر میں پاکستانی اسٹارز بھی جگمگا اٹھے جب کہ محمد رضوان اور حارث رؤف کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے مینز سائیڈ کا حصہ بنایا گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز اور ویمنز ٹی 20 ٹیمز آف دی ایئر کا اعلان کردیا، دنیا کے بہترین مرد کھلاڑیوں سے مزین سائیڈ میں پاکستان کے محمد رضوان اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔

کپتان اور وکٹ کیپر انگلینڈ کے جوز بٹلر کو منتخب کرتے ہوئے ٹاپ پر رکھا گیا، ان کے ساتھ محمد رضوان کی شمولیت سے اوپننگ جوڑی مکمل کی گئی، بھارت کے ویراٹ کوہلی اور سوریاکمار یادیو بیٹنگ آرڈر میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

اگلی تین پوزیشنز گلین فلپس، سکندر رضا اور ہردیک پانڈیا سے پْر کی گئی ہیں، سیم کرن اور وانندو ہاسارنگا کے بعد حارث رؤف اور جوش لٹل بولنگ اٹیک کو مکمل کررہے ہیں۔

ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں بھارتی سمرتی مندھانا اور آسٹریلیا کی بیتھ مونی اوپننگ پوزیشن پر ہیں، نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن کپتان، ان کے بعد ایشلیگ گارڈنر اورتاہیلا میک گرا چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں، چھٹے نمبر پر پاکستان کی اسٹار آل راؤنڈر ندا ڈار کو رکھا گیا ہے۔

اس کے بعد بھارتی دیپتی شرما اور ریشا گھوش، انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹن، سری لنکن انوکا راناویرا اور بھارتی بولر رینوکا سنگھ موجود ہیں۔