Official Web

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، عمران خان کو جواب جمع کرانے کی مہلت مل گئی

الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی۔

عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنا جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وکیل پشاور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، آئندہ سماعت پر پیش ہو کر دلائل دیں گے۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ این اے 31 پشاور میں عمران خان گئے لیکن وہ پبلک آفس ہولڈر نہیں بلکہ امیدوار ہیں۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔