Official Web

2100 میگا ہرٹز ٹیلی کوم اسپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 2100 میگاہرٹزبینڈ میں ٹیلی کوم اسپیکٹرم کی نیلامی کرنے کی منظوری دے دی، نیلامی 10 سال کے لیے ہوگی جس سے ہر 5 میگاہرٹز اسکیل کے عوض 96 ملین ڈالر حاصل ہوسکتے ہیں۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسپیکٹرم آکشن ایڈوائزری کمیٹی نے موجودہ کنسلٹنٹ کی رپورٹ کی بنیاد پر اتفاق رائے سے 2100 میگاہرٹزبینڈ کی 5، 5 میگاہرٹز بینڈوتھ میں 10 سال کے لیے نیلامی کا فیصلہ کیا ہے۔

سابقہ حکومت نے 5 میگاہرٹز بینڈ 15 سال کے لیے 29 ملین ڈالر فی ہرٹز کے نرخوں پر نیلام کیا تھا۔ ملک میں اس وقت مصروف عمل تینوں ٹیلی کام کمپنیوں نے بھی اپنے لائسنس کی 15 سال کی مدت ہی کی قیمت پر تجدید کرائی تھی۔

ایک ٹیلی کوم آپریٹر کے افسر کے مطابق آکشن اسپکٹرم کمیٹی صرف 2100 میگاہرٹزبینڈ کی10 سالہ مدت کے لیے نیلامی کررہی ہے جس سے ایک کمپنی کو ناجائز فائدہ حاصل ہوجائے گا۔

مذکورہ افسر کا کہنا تھا کہ یہ امتیازی اقدام ہے جس کے خلاف ٹیلی کوم آپریٹرز احتجاج بھی کرسکتے ہیں۔ تاہم آکشن ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین اور وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا نقطہ نظر مختلف ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے 1800اور 2100 میگاہرٹز کے بینڈ نیلامی کے لیے پیش کیے تھے مگر کسی آپریٹر نے 2100 میگا ہرٹز بینڈ خریدنے میں دلچسپی نہیں لی، چنانچہ ہمارے پاس شرائط و ضوابط تبدیل کرنے کے سوا کوئی چارہ باقی نہیں بچا۔