Official Web

پہلا آن اسکرین فنگر پرنٹ سنسر اسمارٹ فون متعارف کرنے کا اعلان

بیجنگ: چینی موبائل فون ساز کمپنی ویوو نے دنیا کا پہلا آن اسکرین فنگر پرنٹ سنسر کا حامل اسمارٹ فون لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹر کے مطابق ویوو کمپنی نے اس ضمن میں سین آپٹک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے جو ویوو کو آن اسکرین فنگر پرنٹ سسٹم (ڈسپلے کے اندر) نصب کرنے کے لیے لاکھوں کی تعداد میں سنسر فراہم کرے گی جس کے بعد کمپنی آئندہ برس یہ موبائل فون مارکیٹ میں متعارف کرادے گی، قبل ازیں ویوو کمپنی سین آپٹک کمپنی کے ساتھ مل کر پہلے ہی اعلان کرچکی ہے کہ وہ اپنے اسمارٹ فونز میں یوزر انٹرفیرنس کو مزید بہتر بنارہی ہے۔

فوربس میگزین کے مطابق ویوو نے کہا ہے کہ وہ اس بات کا اندازہ کرچکے ہیں کہ اسمارٹ فون کے ڈسپلے میں اعلیٰ معیار کا انٹیگریٹڈ فنگر پرنٹ سنسر کس طرح نصب کیا جائے جو کہ تیز رفتار اور بہترین کارکردگی کا بھی حامل ہو۔

خیال رہے کہ ویوو کمپنی نے گزشتہ سال شنگھائی میں اسمارٹ فون کے ڈسپلے میں فنگر پرنٹ سنسر نصب کیے جانے کا ایک تصوراتی ماڈل پیش کیا تھا جس میں ڈسپلے کے نیچے ایک الٹراسونک سنسر لگایا گیا تھا، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویوو نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے کہ جب دنیائے ٹیکنالوجی کی دو بڑی کمپنیوں ایپل اور سام سنگ کے حوالے سے افواہیں گردش میں ہیں کہ عنقریب ان کے آنے والے اسمارٹ فونز میں ان اسکرین فنگر پرنٹ سنسر نصب ہوگا۔

یہ افواہ بالخصوص اپیل کے حوالے سے زیادہ پھیلی ہوئی ہے کہ ایپل اپنی سالگرہ پر آئی فون ایکس متعارف کرائے گا جس میں یہ سہولت دستیاب ہوگی تاہم ایپل کا کہنا ہے کہ وہ بایومیٹرک سہولت میں اس سے کہیں آگے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ آئی فون میں فیس آئی ڈی کا آپشن فراہم کیا جائے جو چہرے کی تھری ڈی فیس میپنگ کے بعد ہی فون کو ان لاک کرے۔

واضح رہے کہ ٹیکنالوجی کے ماہرین آن اسکرین فنگر پرنٹ سنسر کو آئندہ برس اسمارٹ فون میں انقلاب کے طور پر دیکھ رہے ہیں جس میں عنقریب آپ کے موبائل فون پر صرف آپ کی ہی انگلیاں کام کریں گی۔

%d bloggers like this: