Official Web

چین نے تائیوان کے معاملے پر جنگ کی دھمکی دے دی

بیجنگ: چینی حکام نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ تائیوان کو چین سے آزاد کرانے کی کوئی بھی سازش کی تو بیجنگ کی طرف سے اعلانِ جنگ ہوگا۔

بی بی سی کے مطابق چین کے وزیر دفاع وی فینگ نے اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے سنگاپور میں ایک ایشیائی سیکورٹی سربراہی اجلاس میں ملاقات کی۔

وی فینگ نے آسٹن کو بتایا کہ تائیوان کو چین سے الگ کرنے سے بیجنگ کے پاس سوائے جنگ کے اور کوئی چارہ نہیں ہوگا۔

وی فینگ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی تائیوان کو چین سے الگ کرنے کی جرت کرتا ہے، تو چینی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) ہر قیمت پر لڑنے اور ‘تائیوان کی آزادی’ کی کسی بھی کوشش کو کچلنے اور قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تیار ہے۔

تاہم دوسری جانب آسٹن نے دعویٰ کیا کہ تائیوان کے قریب روزانہ کی بنیاد پر متعدد چینی طیارے اڑ رہے ہیں جو خطے میں امن اور استحکام کیلئے خطرہ ہے۔ انہوں نے چینی فوجی سرگرمیوں کو “اشتعال انگیز” اور عدم استحکام کا باعث قرار دیا۔