Official Web

روپیہ کی بدترین گراوٹ جاری، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

لاہور:  ملک بھر میں ڈالر کے مقابلے میں ملکی روپیہ کی بدترین گراوٹ کا تسلسل جاری ہے، امریکی کرنسی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 1 روپے 75 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 190 روپے 02 پیسے سے بڑھ کر 191 روپے 77 پیسے ہو گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کی نئی حکومت کے دور میں امریکی ڈالر 8 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا۔ رواں مالی سال میں ڈالر کی قیمت 34 روپے 23 پیسے کا اضافہ ہوا، ڈالر مہنگا ہونے سے قرضوں کے بوجھ 4200 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہوا اور نئی قیمت 192 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔ نئی حکومت کے دور میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 9 روپے مہنگا ہوا ۔