پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے رکن سندھ اسمبلی طاہرہ دعا بھٹو المعروف دعا بھٹو سے شادی کی تصدیق کردی۔
سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی رکن سندھ اسمبلی طاہرہ دعا بھٹو نے اپنے نومولود بیٹے کے ساتھ تصاویر شیئر کیں جبکہ ان تصاویر کے پیچھے لگے بیک ڈراپ میں کامل حلیم شیخ تحریر ہے۔
اس سلسلے میں جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے دوسری شادی کی تصدیق کی اور کہا کہ دعا بھٹو سے شادی کی ہے اور ان کے گھر بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ ذاتی معاملہ ہے اور جب چاہتا اپنی شادی کو ظاہر کر سکتا تھا۔
حلیم عادل کا کہنا تھا کہ دعا بھٹو سے شادی 2018 میں الیکشن کے بعد ہوئی ہے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما و صوبائی وزیر تیمور تالپور کا کہنا تھاکہ سیاست سے بالاتر ہوکر میں حلیم عادل شیخ کو شادی اور بھتیجے کی مبارکباد دیتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ دکھ اس چیز کا ہوا کہ حلیم عادل نے شادی کی دعوت نہیں دی ورنہ میں بھی ولیمے میں شرکت کر لیتا۔