Official Web

مہنگائی کی شرح 19.82 فیصد پر آگئی، 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: مہنگائی کی مجموعی شرح 19.82 فیصد پر آگئی جبکہ ایک ہفتے میں 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق سب سے کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی 20.89 فیصد ہوگئی ، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.43 فیصد کم ہوئی ، 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، پیاز اوسط 5 روپے 37 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے ۔

ادارہ شماریات کے مطابق کیلے ایک روپے 24 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے ، ماچس کی ڈبی چار پیسے ، مٹن 10 روپے 19 پیسے فی کلو ، بیف 2 روپے 89 پیسے فی کلو، دال مونگ ، دال چنا ، ماش اور مسور بھی مہنگی ہوئی ۔

اعدادو شمار کے مطابق تازہ دودھ ، چاول ، گڑ اور سرسوں کا تیل بھی مہنگا ہوا ، ایک ہفتے میں 9 اشیاء سستی اور 26 کی قیمتوں میں استحکام ہوا ، زندہ مرغی 7 روپے 15 پیسے فی کلو سستی ہوئی، انڈے 5 روپے 49 پیسے فی درجن سستے ہوئے ، 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے 11 پیسے سستا ہوا ۔

ایک ہفتے میں چینی 16 پیسے سستی ہوئی ، آلو ، ٹماٹر ، لہسن ، ایل پی جی اور دہی بھی سستا ہوا ۔