Official Web

کورونا وبا؛ مزید 7 افراد جاں بحق، 411 مثبت کیسز رپورٹ

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 411 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 598 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 411  نئے کیسز  سامنے آئے جب کہ کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.92 فیصد رہی۔

 

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں  کورونا سے مزید 7 مریض انتقال کرگئے جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں کورونا  سے اموات کی تعداد 28 ہزار 704 ہوگئی جب کہ کورونا کیسز کی مجموعی تعداد12 لاکھ 83 ہزار 886 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔