Official Web

وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی

اسلام آباد:  وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز قرض کے ذخائر اسٹیٹ بینک میں رکھنے اور ادھار پر تیل خریداری کے معاہدے کی منظوری دے دی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تین ارب ڈالرز قرض حصول کے معاہدے کیلئے تمام قانونی معاملات کو طے کر لیا گیا، جس کے بعد وفاقی کابینہ نے بھی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی کابینہ کو اکنامک ڈویژن کی جانب سے سرکولیشن سمری بھجوائی گئی، جس کی منظوری کے بعد اسی ہفتے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 3 ارب ڈالرز مل جائیں گے۔

سعودی ریلیف پیکج ملنے کی صورت میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 20 ارب ڈالر ہو جائینگے۔ معاہدے کے مطابق سعودی عرب کیش ڈیپازٹ کے ساتھ ساتھ ایک سال کے دوران ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں 1.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ بھی فراہم کرے گا۔ معاہدہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہوا، جس میں سعودی ولی عہد نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالرز کے سپورٹ فنڈ کی منظوری دی تھی۔ یہ رقم سعودی فنڈ برائے ترقی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائے گا۔