Official Web

روس نے نیٹو کیلئے اپنا سفارتی مشن معطل کردیا

روس نےجوابی قدم اٹھاتے ہوئے نیٹو کیلئے اپنا سفارتی مشن معطل کردیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق روس کے وزیر خارجہ  سرگئی لارووف نے پیر کے روز  نیٹو کیلئے اپنے سفارتی مشن کو معطل کرنے کا اعلان کیا

خیال رہے کہ رواں ماہ نیٹو نے اپنے ہیڈکوارٹرز میں موجود روسی سفارتی مشن کے 8 سفارتکاروں کو یہ کہہ کر نکال دیا تھا کہ وہ انٹیلی جنس افسر کے طور پر کام کررہے تھے جس کے بعد روس نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

سرگئی لارووف نے مقامی میڈیا  سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ سفارتی مشن معطل کرنے کا فیصلہ  نیٹو کے اقدام کے جواب میں کیا گیا ہے  جبکہ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فوجی اتحاد  برابری کی بنیاد پر بات چیت میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

روسی  وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ  اگر نیٹو کے ارکان کوکوئی ہنگامی صورتحال درپیش ہو تو وہ بیلجیئم میں ہمارے سفیر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

روس کے اعلان کے بعد نیٹو کا کہنا ہے کہ  اسے ابھی تک اس اقدام کی باضابطہ تصدیق نہیں ملی ہے لیکن اس نے روسی وزیر خارجہ کے تبصرے کا نوٹس لیا ہے۔

واضح رہے کہ روس اور نیٹو کے تعلقات 2014 سے کشیدہ ہیں جب روس نے یوکرین سے کریمیا کو الگ کرکے اس سے الحاق کا اعلان کردیا تھا۔