Official Web

گزشتہ مالی سال میں صرف 25 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے

اسلام آباد: وفاقی ادارہ برائے محصولات (ایف بی آر) کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تعداد 72 لاکھ ہے جن میں محض 25 لاکھ افراد یا 35 فیصد افراد نے ہی اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں جبکہ ایف بی آر کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ جمعے کے روز ختم ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق اب ایف بی آر کے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو وہ باقی ماندہ 47 لاکھ ٹیکس دہندگان کو نوٹسز بھیجے اور انہیں ٹیکس نیٹ میں آنے پر مجبور کرے کیونکہ انکم ٹیکس قانون کے تحت ایسے تمام افراد جن کے پاس ٹیکس نمبرز ہوں ان کے لیے گوشوارے جمع کرانا لازمی ہوتا ہے۔

ایف بی آر کے ترجمان اسد طاہر کے مطابق گزشتہ مالی سال کے لیے تقریباً 25 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جن سے محصولات کی مد میں حکومتی خزانے کو 47 ارب 40 کروڑ روپے وصول ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 30 ستمبر کو ختم ہوچکی ہے اور اس میں اب مزید توسیع نہیں کی جائے گی لہذا جن افراد نے اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں انھیں ہزار روپے جرمانہ یا دو سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایف بی آر کو یہ اختیارات تفویض کیے گئے تھے کہ ادارہ ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے افراد کے بجلی اور اور ٹیلی فون کنکشن منقطع کرسکتا ہے جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی پارلیمنٹ نے بھی ایف بی آر کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ ٹیکس نہ دینے والے افراد کو گرفتار کر سکتا ہے تاہم اس کے باوجود ایک بڑی تعداد اب تک ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں ناکام رہی ہے۔