Official Web

افغانستان سے انخلا کے بعد امریکا اور طالبان کی پہلی میٹنگ آج قطر میں ہوگی

دوحا:  افغانستان سے انخلا کے بعد امریکا اور طالبان کی پہلی میٹنگ آج اور کل قطر میں ہوگی۔ امریکی وفد دوحا میں طالبان کابینہ ارکان سے ملاقات کرے گا۔

افغانستان سے انخلا کے بعد امریکا اور طالبان میں پہلا باضابطہ رابطہ، قطر میں امریکا اور طالبان کی پہلی فیس ٹو فیس میٹنگ ہوگی۔ امریکی وفد آج اور کل دوحا میں طالبان کابینہ ارکان اور نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں افغانستان سے غیر ملکیوں کے محفوظ انخلا پر بات ہوگی۔

امریکی وفد افغانستان کو دوبارہ القاعدہ اور دیگردہشت گرد تنظیموں کی آماجگاہ نہ بننے پر زور دے گا۔ افغانستان میں خواتین کے حقوق پر بھی بات ہوگی۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد وفد کاحصہ نہیں، وفد میں امریکی دفتر خارجہ، انٹیلی جنس، یو ایس ایڈ کے ارکان شامل ہوں گے، طالبان کی جانب سے عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی افغان وفد کی قیادت کریں گے۔

امریکی عہدیدار کا خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملاقات طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق نہیں، پہلے ہی کہہ چکے ہیں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا انحصار ان کے اقدامات پر ہے۔