Official Web

نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہاہوں، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔

نیشنل ایکشن پلان سیکریٹریٹ فاٹا ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم مزاحمت کے نہیں مفاہمت کے داعی ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کا کوئی علم نہیں، کالعدم ٹی ٹی پی میں مزید کچھ گروپ شامل ہوگئے ہیں، ہمیں تمام معاملات کی خبر ہے جو پاکستان کے لئے بہتر ہو گا وہ ہی کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنڈورا لیکس کی تحقیقات ہوں گی، جو جواب نہیں دیں گے ان کو اداروں کے حوالے کریں گے، میں نے کہا تھا اکتوبر اہم تبدیلیاں ہوں گی اور ہوئیں، جب میں نے کہا کہ (ن) سے (ش) نکلے گی تو لوگوں نے میرا مذاق  اڑایا، (ن) لیگ صرف کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو بدنام کر رہی ہے، اداروں کو نشانہ بنانے سے ان کو کچھ بھی نہیں ملے گا۔ نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہاہوں، اگر نواز شریف واپس آنا چاہتے ہیں تو 24 گھنٹے میں کاغذات جاری کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ای سی ایل سے متعلق عدالت یا وزارت داخلہ سے رجوع کرسکتے ہیں ، وہ ہمیں درخواست دیں وزارت داخلہ یوسف رضا کے ای سی ایل میں نام ہونے کا معاملہ دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی ہزار ویزا ہولڈر لوگ لاپتہ ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کر رہے ہیں، ہم  انہیں مہلت دے رہے ہیں کہ اگلے مہینے تک ہمارے ملک سے نکل جائیں، اس کام کے لئے اداروں سے لوگ لئے گئے ہیں ابھی اس حوالے کوئی نئی بھرتی نہیں کی گئی۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان سیکریٹریٹ فاٹا ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چاروں صوبوں سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور چاروں صوبوں، جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ کے درمیان روابط بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔