Official Web

ماضی میں متوسط طبقے کی آمدن کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، وزیرخزانہ

اسلام آباد: وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ماضی میں متوسط طبقے کی آمدن کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، غریب صرف ترقی کے خواب ہی دیکھتا رہا۔ 

کامیاب پاکستان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ   پروگرام سے محروم طبقات کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی، معاشی ترقی کے لیے طویل المدتی منصوبے بنانے ہوتے ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ ماضی میں متوسط طبقے کی آمدن کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، غریب صرف ترقی کے خواب ہی دیکھتا رہا، موجودہ حکومت پائیدار ترقی اور مستحکم معیشت کیلئے اقدامات کررہی ہے اور مزید کام کرے گی۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے غریبوں کیلئے کام کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ غریب کو بااختیار بنانے کےلیے کام ہونا چاہیے، پہلی بار ترقی کے سفر میں نچلے طبقے کو ترجیح دی گئی ہے، کاروبار کے لیے 5 لاکھ تک بلا سود قرضے دئیے جائیں گے، چھوٹے قرضوں کی وصولی کی شرح 99 فیصد ہے،  ہر گھر کے ایک فرد کو ٹیکنیکل ٹریننگ دیں گے۔