Official Web

پاور بینک، سینی ٹائزر اور فون ہولڈر ایک ساتھ

واشنگٹن: کووڈ وبا کے تناظر میں دنیا بھر میں ایک جانب تو اسمارٹ فون کو جراثیم کش اور وائرس کش بنانے پر زور دیا جارہا ہے تو دوسری جانب خود اسمارٹ فون چارج کرنا اب تک ایک مسئلہ بنا ہوا ہے۔ اس کا حل اب ایک اسمارٹ کیسنگ کی صورت میں پیش کیا گیا ہے جس میں فون محفوظ رہتا ہے، کورونا سمیت دیگر جراثیم اور وائرس سے محفوظ رہتا ہے اور اس میں ایک چارجنگ بینک بھی موجود ہے۔

کراؤڈ فنڈنگ پر موجود یہ اہم ایجاد ڈیلاور، امریکہ کے نوعمر سائنسدانوں نے تیار کی ہے جو ابھی پیداواری مراحل تک پہنچ رہی ہے۔ دیکھنے میں یہ ایک عام سا فون کیس لگتا ہے لیکن اس کی بیرونی تہہ جراثیم کش مٹیریئل سے بنائی گئی ہے۔ اب اسے کھولیں تو اندر ایک جانب فون رکھا جاتا ہے اور دوسری جانب الٹراوائلٹ ایل ای ڈی روشنیاں ہیں جو فون کو جراثیم سے پاک کرسکتی ہیں۔ لائٹس کی پشت پر ایک طاقتور پاور بینک کا پورا سرکٹ موجود ہے۔
ہم جانتے ہیں کہ ہاتھوں میں رہنےکی وجہ سے اسمارٹ فون بہت آلودہ ہوجاتے ہیں۔ بعض ماہرین تو ان کا موازنہ بیت الخلا میں رکھے کموڈ کی سیٹ سے بھی کرتے ہیں۔ ایک تحقیق بتاتی ہے کہ اسمارٹ فون کی ایک مربع انچ سطح پر 25 ہزار سے زائد جراثیم موجود ہوسکتےہیں۔
اس کیسنگ میں رکھ کر فون سے 99 فیصد جراثیم کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ ساتھ میں طاقتور بینک اضافی بیٹری کا کام کرتا ہے۔ تاہم فی الحال یہ آئی فون کے لیے ہی تیار کیا گیا ہے۔ اس کی تعارفی قیمت 59 ڈالر رکھی گئی ہے۔