چین اپنے ملکی حالات کے مطابق انسانی حقوق کا تحفظ کرتا رہے گا،چین کی وزارت خارجہ

حال ہی میں چین کے نائب وزیر خارجہ ما چھاؤ شو نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ۴۸ ویں اجلاس میں چین کی شرکت کے بارے میں تفصیلات بتاتےہوئے کہا کہ چین اپنے ملکی حالات کے مطابق انسانی حقوق کا تحفظ کرتا رہے گا۔

ما چھاؤ شو نے کہا کہ موجودہ اجلاس میں ہم نے انسانی حقوق سے متعلق تصور کو جامع انداز میں روشناس کروایا اور عوام کو مرکزی حیثیت دینے والے ترقیاتی نظریات کو فروغ دیا ۔انہوں نے کہا کہ چین عوام کی خوشحال زندگی کو سب سے اہم انسانی حق مانتا ہے،حق بقا اور حق ترقی اولیں بنیادی انسانی حقوق ہیں۔ تمام عوام کے معاشی،سیاسی،سماجی،ثقافتی اور ماحولیاتی حقوق و مفادات کو منظم طور پر فروغ دیا جارہا ہے ،سماجی انصاف و مساوات کی بھرپور حفاظت کی جا رہی ہے اور انسانیت کی ہمہ گیر ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین عالمی انصاف و مساوات کا بھرپور تحفظ کرتا آرہا ہے،ترقی پذیر ممالک کے لیے آواز بلند کرتا ہے اور انسانی حقوق کی آڑ میں  دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کرتا ہے اور مغربی ممالک میں انسانی حقوق کی منافقت کو بھی بےنقاب کیا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ چین انسانی حقوق کے شعبے میں بین الاقوامی بات چیت و تعاون کی مثبت حمایت کرتا ہے اور امن،ترقی،مساوات،انصاف،جمہوریت اور آزادی پر مبنی انسانیت کی مشترکہ اقدار کو بروئے کار لانے کی کوشش کرتا ہے۔