Official Web

اداکارہ نادیہ خان سے سائبر فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی: معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان سے سائبر فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم عمران ریاض نے بتایا کہ ستمبر 2020 میں نادیہ خان کا یوٹیوب چینل ہیک ہو گیا تھا جسے ریکور کروانے کے لیے اداکارہ نے ایک آئی ٹی ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کی تھیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹرسائبر کرائم کا کہنا تھا کہ  آئی ٹی ایکسپرٹ نے اداکارہ کو مالی نقصان پہنچایا، اس نے  یوٹیوب چینل میں گوگل پبلشر آئی ڈی اور بینک تفصیلات تبدیل کر دیں جس سے نادیہ خان کے یوٹیوب چینل کی تمام کمائی آئی ٹی ایکسپرٹ کو جانے لگی۔

عمران ریاض کا کہنا ہے کہ نادیہ خان کو فراڈ کا پتہ چلا تو انھوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو شکایت کی جس پر ملزم حماد سمیع کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔