Official Web

پاکستان میں ڈیڑھ ماہ بعد کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد سے نیچے آگئی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا کی چوتھی لہر کے دوران مثبت کیسز کی شرح ڈیڑھ ماہ بعد 6 فیصد سے نیچے آ گئی۔

کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 82 افراد سے انتقال کر گئے اور 3480 نئے مریض بھی سامنے آئے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 63181 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3480 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 82 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق 10 ستمبر کو ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.50 فیصد رہی جبکہ 23 جولائی کو یہ شرح 4.89 فیصد تھی۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 26662 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ ایک ہزار 367 تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3121 افراد کوورنا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ 82 ہزار 988 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 91717 ہو گئی ہے۔