Official Web

افغان صورتحال پر عالمی برادری کے نقطہ نظر میں تبدیلی کی ضرورت ہے: وزیراعظم

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے بعد عالمی برادری کے نقطہ نظر میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سپین کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی، پاکستان اور خطے کے لیے محفوظ، مستحکم اور پرامن افغانستان کی اہمیت پر زور دیا گیا ۔

وزیر اعظم نے بین الاقوامی برادری کے مثبت کردار پر زور دیا، سپین کے وزیر خارجہ نے سفارتی اور بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں کے انخلا میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور پاکستان سپین تعلقات میں مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے سپین میں پاکستانیوں کے لیے سپین حکومت کےمثبت کردار کی بھی تعریف کی۔ امسال پاکستان اور سپین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، دونوں ممالک اس موقع کو مخصوص تقریبات کے ذریعے منائیں گے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے بعد عالمی برادری کے نقطہ نظر میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ افغان عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ افغان عوام کی ضروریات کو پورا کرنے اورمعاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔