Official Web

18 ملین افغانیوں کو فوری امداد کی ضرورت، عالمی برادری تعاون کرے: منیر اکرم

نیویارک:  اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا، 18 ملین افغانیوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے، عالمی برادری انسانی بنیادوں پر کابل سے تعاون کرے۔

نیو یارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے مستقل مندوب منیراکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج افغانستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے،18 ملین افغان عوام کو فوری امداد کی ضرورت ہے، عالمی برادری انسانی بنیادوں پر کابل کی امداد کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغانستان کے منجمد اکاؤنٹس کا بحال ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغان عوام کی امداد کیلئے 3 جہاز بھیجے ہیں، پاکستان میں اب بھی 30 لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں، افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے،ماضی میں افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئی افغان حکومت ملک میں امن اور انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائے۔