Official Web

طالبان تمام دھڑوں کی نمائندہ حکومت تشکیل دیں، روس معاونت کیلئے تیار ہے: سرگئی لاروف

ماسکو:  روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ طالبان کو افغانستان میں تمام دھڑوں پر مشتمل جامع حکومت بنانی چاہئے، روس معاونت کیلئے تیار ہے، نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

سینٹ پیٹرز برگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ طالبان کی نئی حکومت میں تمام دھڑوں کو شامل کیا جائے گا۔ مستقبل کی حکومت افغان معاشرے کی عکاسی کرتی ہو تو روس طالبان حکومت کی معاونت کے لیے بھی تیار ہے۔

سرگئی لاروف نے مزید کہا کہ روس بھی دوسرے ممالک کے ساتھ طالبان حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرے گا۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنا ابھی بہت دور کی بات ہے، اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کی ترجمان بھی کہہ چکی ہیں کہ امریکا کو طالبان کو تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں، انہیں ان کے الفاظ سے نہیں عمل سے پرکھا جائے گا۔