Official Web

‘یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ، اسکے نظریے اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے’

کراچی:  بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ، اس کے نظریے اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے، پیپلز پارٹی کی جدوجہد پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے ہے۔

یومِ دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں، فوجی جوانوں کا غیر متزلزل عزم اور عوام کا ناقابل تسخیر اتحاد ہماری طاقت اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے، جنہوں نے قوم کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا، یہ قائدِ عوام کی دختر وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو تھیں، جنہوں نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی پروگرام دیا، ان اقدام کا مقصد یہ تھا کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ تمام فوجی جوان، جنہوں نے پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، ہماری قومی تاریخ کے ناقابل فراموش ہیرو ہیں، آج یوم دفاع کے موقع پر پوری قوم کی جانب سے اپنے شہداء کے خاندانوں کو مکمل یکجہتی کا یقین دلاتا ہوں، ان تمام شہریوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں، قائد اعظم کے فلسفے کی روشنی میں نظریہ پاکستان کی پیروی مضبوط دفاع کے ساتھ کریں گے۔