Official Web

نیوزی لینڈ، انگلینڈ سے سیریز اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے قومی ٹیم کا اعلان آج متوقع

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم پریس کانفرنس میں کھلاڑیوں کے ناموں کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا اعلان گذشتہ دنوں کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں 20 کھلاڑیوں نے جگہ بنائی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد اور خوشدل شاہ کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ زاہد محمود، شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر اور وکٹ کیپر محمد حارث بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

حارث سہیل، سلمان علی آغا،سرفراز احمد اور صہیب مقصود ون ڈے اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے ہیں۔

قومی اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، امام الحق، حارث رؤف، حسن علی، فخر زمان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، افتخار احمد، وکٹ کیپر محمد رضوان ، وکٹ کیپر محمد حارث، محمد حسنین، محمد نواز، وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچنا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائیں گی۔

اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پاکستان آئے گی اور 13 اور 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔