Official Web

پاکستان نے تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدکر ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

کراچی: پاکستان نے ملک میں دستیاب فرنس آئل سے 65 فیصد زیادہ نرخوں پر ایل این جی کے 2جہاز بُک کرلیے جب کہ یہ جہاز اکتوبر کے لیے20 ڈالر فی ملین بی ٹی یو کے نرخ پر بُک کرائے گئے ہیں۔

مہنگی ایل این جی خریدنے سے درآمدی بل میں مزید اضافے کے ساتھ ساتھ مہنگائی بھی بڑھے گی۔ اس سلسلے میں ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے ریسرچ ہیڈ سمیع اﷲ طارق نے کہا کہ فرنس آئل کی ایک ایم ایم بی ٹی یو کے مساوی مقدار 12 ڈالر کی قیمت پر خریدی جاسکتی ہے۔
ماہراقتصادیات مزمل اسلم نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 20 ڈالر اور اس سے زائد قیمت پر ایل این جی خریدنا سمجھ میں نہ آنے والی بات ہے۔ اب وقت ہے کہ مہنگی ایل این جی کے بجائے فرنس آئل پر توجہ دی جائے اور کارٹلز کے ہاتھوں بلیک میل نہ ہوا جائے۔ ملک میں قائم ریفائنریاں 85ہزار ڈالر فی ٹن کی قیمت پر فرنس آئل فروخت کررہی ہیں۔ ایل این جی کے معاملے میں یہ نرخ12 ڈالر ایم بی ٹی یو ہیں۔ ایشیا میں ایل این جی کے نرخوں میں مسلسل اضافے کا رجحان ہے۔
سمیع اﷲ طارق کے مطابق یہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ جہاں ممکن ہو وہاں ایل این جی کے بجائے فرنس آئل استعمال کیا جائے۔