Official Web

ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ،کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن، متعدد گرڈ سٹیشنز بند

کراچی: آسمانی بجلی گرنے کے باعث ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہو گئی، کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، ایک ہزار نو سو میں سے ایک ہزار چار سو فیڈر بند ہو گئے، شہر کے اکثر علاقے سپلائی سے محروم ہیں۔ شہرکا 80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے، نیشنل گرڈ پر ای ایچ ٹی لائن کی ٹرپنگ کے باعث بجلی معطل ہو گئی ہے، کےالیکٹرک کے 1900میں سے 1400فیڈرزٹرپ کر گئے ہیں۔

کراچی کے علاقے صدر، ایم اےجناح روڈ، آئی آئی چندریگرروڈ، فیڈرل بی ایریاکےمختلف بلاکس بجلی سے محروم ہو گئے، نرسری، ڈیفنس، کلفٹن، بہادر آباد، گلشن اقبال ، نارتھ کراچی کی بھی بجلی بند ہو گئی ہے۔

دوسری طرف کے الیکٹرک نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کے الیکٹرک کو شہر میں بجلی کی سپلائی کے معاملے پر شکایات موصول ہوئی ہیں، صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہماری ٹیم متحرک ہو گئی ہے اورحالات کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈسےآنے والی 500 کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی ہوئی ،جس سےکراچی اور سندھ کےبعض علاقوں میں بجلی معطل ہوئی، بجلی کی عدم فراہمی کی صورت حال پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سےرابطےمیں ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے۔

ذرائع کے مطابق جامشورو میں این ٹی ڈی سی کے یارڈ پر آسمانی بجلی گر گئی جس کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، کے الیکٹرک اور حیسکو کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے، آسمانی بجلی گرنے کے بعد این ٹی ڈی سی یارڈ محفوظ رہا۔

ادھر حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ حیسکو ریجن کے بھی 71 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے ہیں، مٹیاری سمیت دیگر علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

%d bloggers like this: