Official Web

افغانستان سے آنے والے 155 امریکیوں میں سے 42 پاکستان میں ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ افغانستان سے آنے والے 155 امریکیوں میں سے اس وقت صرف 42 پاکستان میں ہیں جو کہ آئندہ 2 دن میں چلے جائیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں نیٹو اور اس سے متعلقہ 10ہزار 300 سے زائد افراد پاکستان آئے جن میں سے 9032 لوگ اپنے ملکوں کو واپس چلے گئے، اس وقت 1229 افراد پاکستان میں ہیں،جودو دن میں چلے جائیں گے، ان 1229 غیرملکیوں میں 545 افغان اور684 افراد کا تعلق دیگرممالک سے ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  پاکستان نے غیر ملکی شہریوں کو افغانستان چھوڑنےمیں مدد کی ہے ، افغانستان سے آنے والے 155 امریکیوں میں سے اس وقت صرف 42 پاکستان میں ہیں جو کہ 2 دن میں چلے جائیں گے جب کہ باقی امریکی واپس جاچکے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  جو پاکستانی افغانستان سے انخلا چاہتے تھے ان کو نکال لیاگیا ہے، افغان عوام کا دردکم کرنےکے لیے جو کچھ کرسکے ضرور کریں گے،افغانستان میں حکومت بنانا افغان عوام کا حق ہے، موجودہ افغان انتظامیہ نےکہا ہےکہ وہ اپنی سر زمین کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ممنوعہ لائسنس کے اجراء کا اختیار وزارت داخلہ کو دے دیا گیا ہے،سی ڈی اے کو ای الیون میں قواعد پر عمل درآمد کا اختیار دیا ہے، گوادر کو بجلی فراہم کرنے کے لیے نئے منصوبے لائےگئے ہیں،سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کو شروع کیا جارہا ہے، سیالکوٹ کھاریاں موٹروےکو اسلام آباد سے بھی جوڑا جائےگا۔

انہوں نے اپوزیشن کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ ہم انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن مخالفت کے سوا کچھ نہیں جانتی، پاکستان کےمسائل کا حل جمہوریت ہے جہاں اکثریت کے فیصلےکو ماننا پڑےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف باہر اس لیے ہیں کیونکہ عدالت ان کا کیس روز نہیں سن رہی، عدالت میں اگر شہباز شریف کےکیس کی روزمرہ کی بنیاد پر سماعت ہو تو وہ جلد جیل چلے جائیں گے۔