Official Web

کورونا کی غلط معلومات: یوٹیوب نے 10 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

انٹرنیٹ کی سب سے مقبول ویڈیو شیئرنگ اور  اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے کورونا وبا کے دوران  غلط اور  خطرناک معلومات فراہم کرنے والی  10 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں۔

یوٹیوب انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ روز دی گئی اطلاع کے مطابق پلیٹ فارم نے وبائی مرض کورونا کے آغاز کے بعد سے خطرناک کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے والی 10 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو ہٹا دیا ہے۔

ویڈیو  پلیٹ فارم یوٹیوب کے چیف پراڈکٹ آفیسر نیل موہن نے اس حوالے سے بتایا کہ ہماری پالیسی ہر اس ویڈیو کو ہٹانے پر مرکوز ہے جو براہ راست حقیقی دنیا کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فروری 2020 کے بعد سے اب تک جھوٹے علاج یا دھوکہ دہی کے دعوے کرنے والی اور خطرناک کورونا وائرس کی جھوٹی معلومات فراہم کرنے والی 10 لاکھ سے زیادہ ویڈیوز کو ہٹایا جا چکا ہے۔

چیف پراڈکٹ آفیسر نے مزید کہا کہ ایک عالمی وبائی بیماری کے دوران ہر ایک انسان کے پاس خود کو اور اپنے خاندانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بہترین معلومات دستیاب ہونی چاہیے۔

یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ غلط معلومات فراہم کرنے والی ویڈیوز کو ہٹانے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے کام کر  رہے ہیں۔