Official Web

کابل ائیرپورٹ پر دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 90 ہو گئی

کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے یکے بعد دیگرے تین دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 90 ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکوں میں 140 افراد زخمی ہونے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں 13 امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کابل ائیر پورٹ دھماکوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاغ پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

یاد رہے کہ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے جمعرات کو ہی دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو کابل ائیرپورٹ کے قریب جانے سے منع کیا تھا۔