Official Web

آج کی جیت پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، کپتان بابر اعظم

ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کاکہنا ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا، آج کی جیت پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جب بھی جیت ملتی ہے بطور کپتان بہت اعتماد ملتا ہے اور خوشی ہے کہ پہلی اننگز میں جلدی وکٹیں گنوانے کے باوجود فواد عالم کے ساتھ پارٹنرشپ ہمیں میچ میں واپس لائی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں فواد عالم بہت تجربہ کار بیٹسمین ہیں انہوں نے مشکل کنڈیشنز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے ہر بیٹسمین کو فواد عالم سے سیکھنے کی ضرورت ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے فواد عالم ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

اُن کاکہنا تھا کہ وکٹ سے مدد نہیں ملی تو فیلڈنگ پوزیشنز بدل کر حریف ٹیم پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا جبکہ  ہم نے حکمت عملی کے تحت ویسٹ انڈیز کو چوتھے روز20 اوورز کھیلائے۔

بابر اعظم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ، نوجوان فاسٹ بولر نے اپنی عمدہ بولنگ سے میزبان ٹیم کو بیک فٹ پر ہی رکھا ۔

اُن کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی بہت بااعتماد بولر ہیں جب بھی انہیں بولنگ کا کہتا ہوں وہ جارحانہ بولنگ کرتے ہیں ،خوشی ہے کہ ان  جیسا بولر  میرے پاس ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں109 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1سے برابر کردی ہے۔

%d bloggers like this: