Official Web

کنگسٹن ٹیسٹ: پاکستان نے پہلی اننگز 302 رنز پر ڈکلیئر کر دی

کنگسٹن:  پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز 302 رنز اور 9 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلئیر کر دی، ونڈیز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لئے۔

پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 124 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ اس سے قبل اوپنرز عابد علی اور عمران بٹ محض ایک، ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے شاندار شراکت داری میں 158 رنز بنائے تاہم کپتان بابر 75 رنز پر روچ کی بال پر ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ محمد رضوان 31، فہیم اشرف 26، نعمان علی صفر، حسن علی 9 جبکہ شاہین شاہ آفریدی 19 رنز بنا سکے، 302 رنز پر کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کر دی۔

میزبان ٹیم کریز پر آئی تو شاہین باولرز نے ونڈیز بلے بازوں کو ٹکنے نہ دیا، کپتان کریگ بریتھ 4، کایئرون پوویل 5 جبکہ روسٹن 10 رنز بنا کر فہیم اشرف کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کی جانب سے 39 کے مجموعے پر تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم کو پاکستان پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے، ویسٹ انڈیز نے پہلا ٹیسٹ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعدایک وکٹ سے جیت لیا تھا۔