‘دنیا نے بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کیا، کشمیریوں کی آزادی تک ساتھ کھڑے ہیں’

اسلام آباد:  شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پوری دنیا نے بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کیا ہے، کشمیریوں کی آزادی تک ساتھ کھڑے ہیں، اقوام متحدہ، سیکورٹی کونسل لاکھوں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے وعدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری مودی کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھارتی حکومت کے اقدامات کو مسترد کر دیا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آج ایک سال بعد بھی پاکستان کے عوام، صدر، وزیر خارجہ اور کابینہ کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، پوری کابینہ آج ریلی میں شریک ہوئی، ہم نے اپنی خارجہ پالیسی کشمیر کے اردگرد بنی ہے، ہم نے کشمیر کیلئے 4 جنگیں لڑی ہیں، مقبوضہ کشمیر کیلئے ہر وقت جنگ کیلئے تیار ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو نئی جلا ملی، برطانیہ کے پارلیمان، سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر میں دوبارہ سے بحث ہوئی، مسئلہ کشمیر ہمارے لئے علاقے اور زمین کا نہیں بلکہ لہو اور جسم کا مسئلہ ہے، ہمارے کشمیریوں سے رشتے ناطے ہیں، کشمیری ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔