Official Web

کورونا: سخت فیصلے ناگزیر ہیں، وفاقی حکومت کو آن بورڈ لیں گے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔

 مرتضیٰ وہاب نےکہا کہ کورونا کی صورتحال کے پیشِ نظر پبلک سیکٹر اسپتالوں میں آئی سی یو کو بڑھایا جارہا ہے جب کہ پرائیوٹ سیکٹر سے بھی وزیراعلیٰ نے تعاون کی اپیل کی ہے، جو صورتحال ہے ان میں پرائیوٹ اسپتالوں کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کل ایک میٹنگ رکھی ہے، اس وقت جو صورتحال ہے اس میں سخت فیصلے ناگزیر ہیں لیکن وزیراعلیٰ پہلے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت چاہتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ اس وقت صورتحال سامنے ہے، کراچی اور حیدآباد میں خطرناک صورتحال ہے، این سی او سی کے نمبرز دیکھیں تو لاہور 7 فیصد اور اسلام آباد میں بھی 8 فیصد پر شرح پہنچ گئی ہے، ہمیں بروقت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، اگر آج یہ فیصلہ کرلیا تو ہم لہر کو روک پائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ کو فیصلہ کرنے سے پہلے وفاقی حکومت کو آن بورڈ لیا جائیگا، اس معاملے پر کوئی سیاسی محاذ آرائی نہیں ہوگی اور سب مل کر کام کریں گے۔